نگلورو،17/مئی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے تعمیرات عامہ ایچ ڈی ریونا نے کہا ہے کہ ان کے اور ان کے بھائی ایچ ڈی کمار سوامی کے درمیان اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ دونوں بھائیوں کے درمیان آج تک کسی بھی بات پر اختلاف یاتکرار کبھی نہیں ہوئی۔ سابق وزیراعلیٰ سدرامیا کی طرف سے ریونا کو عہدہئ وزیراعلیٰ کا موزوں امیدوار قرار دئے جانے کے سبب ان کے اور کمار سوامی کے درمیان اختلافات کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان کے بھائی کے وزیر اعلیٰ بننے سے انہیں خود وزیراعلیٰ بننے سے زیادہ خوشی ہے۔اسی لئے اپنے بھائی کی ترقی پر کبھی انہوں نے حسد نہیں کیا ہے۔جہاں تک سدرامیا کی طر ف سے انہیں عہدہئ وزیراعلیٰ کا اہل قرار دینے کا تعلق ہے ریونا نے کہاکہ سدرامیا نے جس محبت کا اظہار کیا ہے اس کے لئے وہ ان کے ممنون ہیں، لیکن اگلے چار سالوں تک ریاست میں وزیراعلیٰ کی کرسی خالی نہیں ہے۔ چار سال بعد بھی اس کرسی پر قبضے کے لئے دعویداروں کی قطار لگی ہے، اس قطار میں وہ بہت پیچھے ہیں اسی لئے بہتر ہے کہ اس موضوع پر بحث نہ کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ جہاں تک ان کے خاندان میں سیاسی فیصلوں کا تعلق ہے سابق وزیراعظم اور ان کے والد ایچ ڈی دیوے گوڈا کا فرمان سب کے لئے قطعی ہے۔ اس سے آگے جانے کی کسی کو اجازت نہیں ہے۔اسی لئے سدرامیا نے جس موضوع پر بحث چھیڑنے کی کوشش کی ہے وہ اس کا حصہ بننا مناسب نہیں سمجھتے۔